مظفرآباد، جرنلسٹس کالونی کیلئے 2 کروڑ، پریس کلب کیلئے 20 لاکھ، اخبار فروشوں کیلئے 50 لاکھ، پریس کلب کو 25 موٹر سائیکل،وزیراعظم آزاد کشمیر کا پریس کلب میں اعلان

مظفرآباد (آئی اے اعوان) وزیراعظم آزادکشمیر نے میڈیا کی ترقی اور صحافیوں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے کیلئے مظفرآباد میں جنرنلزم اکیڈمی کے قیام, جرنلسٹس کالونی کی تعمیر کیلئے 2 کروڑ روپے پریس کلب کیلئے 20 لاکھ، اخبار فروش ہاکروں کیلئے 50 لاکھ 20 صحافیوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے سکالر شپ پریس کلب کو 25 موٹر سائیکل اور 30 ایل سی ڈیز دینے کا اعلان کیا ہے ۔

مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ مظفرآباد میں جرنلزم اکیڈمی کا نصاب حکومت کے تین وزیر،پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے دو ممبران اسمبلی اور تین سینئر بیوروکریٹس ملکر بنائیں گے، جنرنلزم اکیڈمی میں پاکستان کے مایہ ناز صحافیوں کو یہاں لیکر آئیں تاکہ ہمارے بچوں کو سیکھنے کا موقع ملے اور وہ ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان نے ہندوتوا سوچ کو بڑھانے کیلئے ممتاز حریت رہنمایاسین ملک کو غیر منصفانہ سزا سنائی، یاسین ملک کی بچی نے آٹھ سال سے اپنے والد کو نہیں دیکھا۔ کشمیر کے معاملے پر سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمارا اسلاف نے اس ملک کے قیام کیلئے قربانیاں دیں، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی آنکھ نکال دیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ پریس کلب کی انتظامیہ کو نئی بلڈنگ میسرآنے پر مبارکباد دیتا ہوں، حکومت پریس کلب میں فرنیچر ودیگر ضروریات کو پورا کریگی، ادارے کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ بنایا جائے۔ صحافت میں خبریت کا عنصر ہونا ضروری ہے۔ٍ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب کی تاریخ ہے، یہاں کے میڈیا کی پوری دنیا میں کوریج آتی ہے، سینٹرل پریس کلب آزادکشمیر کے دارلحکومت کا چہرہ ہے۔ وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب نے ہمیشہ سیاسی کارکنوں کا خیال رکھا اور انہیں پناہ دی ہے، آزادکشمیرمیں بہترین سیاسی رواداری ہے، حکومت میڈیا کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ خوبصورت بلڈنگ پر پریس کلب انتظامیہ کو مبارکباددیتا ہوں۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب پوری ریاست جموں وکشمیر کا نمائندہ پریس کلب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہیز فنڈ12ہزار سے 75ہزارکرنے پروزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمدرفیق نیئر نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر نے پہلی مرتبہ پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ میں اتنا بڑا اضافہ کیا تاکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود ہو، پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ 5کروڑ، وفات پاجانے والے صحافیوں کے ورثا اور صحافیوں کی فلاح بہبود کیلئے2کروڑ جبکہ اشتہار ات کیلئے 20 کروڑ فنڈ رکھے گئے ہیں۔ وزیر شہری دفاع و ایس ڈی ایم اے چوہدری محمد اکبر ابراہیم نے کہاکہ اقتدار عوام کی خدمت کا وقت ہوتا ہے، سینٹرل پریس کلب ریاست جموں وکشمیر کا نمائندہ پریس کلب ہے۔انہوں نے کہاکہ سینئر صحافی عمران ریاض کے خلاف پنجاب پولیس کی کارروائی زیادتی ہے حکومتوں کو ایسے اقدامات سے پرہیز کرنا چاہیے۔ صدر سینٹرل پریس کلب سید آفاق حسین شاہ نے افتتاحی تقریب میں آمد پر وزیراعظم سردار تنویرالیاس خان سمیت تمام معززمہان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔۔

close