ملتان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مولانا فضل الرحمان کو ملتان میں نظر بند کیے جانے کی تصدیق کی ہے، جبکہ پارٹی رہنما علامہ راشد محمود سومرو کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں سینیٹر کامران مرتضیٰ نے تصدیق کی ہے کہ ان کی جماعت کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ملتان میں نظر بند کردیا گیا ہے، جبکہ علامہ راشد محمود سومرو بھی حراست میں ہیں۔ علامہ راشد محمود سومرو مولانا فضل الرحمان کو ریسیو کرنے کے لیے پنجاب میں داخل ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی حراست کی تصدیق سامنے آئی۔
اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کے اسٹاف اور حافظ نصیر احمد احرار کے جلالپور پیر والا لودھراں روڈ پر واقع تھانہ قریشی میں موجود ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم بعد ازاں یہ بات سامنے آئی کہ مولانا فضل الرحمان کا اسٹاف اور حافظ نصیر احمد احرار پنجاب پولیس کی تحویل سے رہا کردیئے گئے ہیں۔
قبل ازیں ترجمان جے یو آئی (ف) کی جانب سے ملتان موٹروے پر قافلے کو روکے جانے اور متعدد افراد کو حراست میں لیے جانے سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔






