اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے سوال کیا ہے کہ کیا مولانا فضل الرحمان یا ان کے اہل خانہ افغانی ہیں؟
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کا گھر سیل کرنے اور ان کے اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے آدھے گھنٹے کی مہلت دینے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ انہیں رات 9 بجے فون آیا کہ مجسٹریٹ صاحب مولانا فضل الرحمان کا گھر خالی کروانا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی قانون میں ایسا نہیں ہوتا کہ آدھے گھنٹے میں گھر خالی کروایا جائے۔ انہیں بتایا گیا کہ مجسٹریٹ صاحب کہہ رہے ہیں کہ افغانیوں کو نکالنا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مولانا فضل الرحمان افغانی ہیں یا ان کے اہل خانہ افغانی ہیں؟
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں غیر ملکی مہمانوں کے احترام میں احتجاج نہیں کریں گے۔ گھر میں خواتین اور بچے موجود ہیں اور ہمارے معاشرے میں خواتین کا احترام کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر میں بچے اور ایک معذور خاتون موجود تھیں، جنہیں گھر سے بے دخل کر دیا گیا اور مکان کو سیل کر دیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مرد پولیس اہلکاروں نے خواتین ارکان قومی اسمبلی کو دھکے دیے۔ وہ ہمیں اشتعال دلانا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں معزز مہمانوں کی موجودگی کے باعث ہم نے احتجاج نہیں کیا۔
شاہدہ اختر علی نے کہا کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ وہ پی ڈی ایم کے وہ دن بھول گئے ہیں جب ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔ اب جب ہم ان کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہیں تو ہمارے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے۔






