ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے، بڑا اعلان

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجاویز کا تبادلہ اور ان پر بات چیت جاری ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور قطر کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، تاہم رابطوں کا عمل سست پڑ گیا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں پاکستان اور قطر اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیغامات کے تبادلے کا عمل گزشتہ مذاکراتی ادوار کے مقابلے میں سست ہو گیا ہے، تاہم سفارتی رابطے جاری ہیں۔

ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کی بنیاد جون میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ہے۔ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یمن تنازع کے حوالے سے رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران چین کی قیادت میں تنازع کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تہران ایسے امن اقدامات کی حمایت کرے گا جن میں حوثیوں کو یمن کی زمینی حقیقت کا حصہ تسلیم کیا جائے۔