کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ امن و امان کی خاطر ریلی کی تاریخ 10 مرتبہ بھی تبدیل کرنا پڑی تو کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سینئر رہنما فاروق ستار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم 29 نومبر کی ریلی منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہیں، ہمارا مقصد بہت بڑا ہے، انتظامی یونٹ کے مقصد کو عوام میں بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔ یہ میدان ہمارا ہے، 29 نومبر کو کسی کو بندر تماشا کرنا ہے تو آکر کرلے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ہمیں 10 مرتبہ بھی ریلی کی تاریخ تبدیل کرنا پڑی تو ہم 10 مرتبہ کریں گے، ہم ہرگز نہیں چاہتے کہ شہر میں امن و امان کا کوئی مسئلہ پیدا ہو۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ریلی میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجازت مل بھی جاتی تب بھی تصادم کے خدشے پر ریلی نہ کرتے، ہم نے ریلی منسوخ کرکے اپنی حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بلاول نے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص کا نام لے کر خون بہانے کی بات کی، بلاول بھٹو نے باقاعدہ دھمکی دی ہے اور ہم نے ان کی اس بات کو سنجیدہ لیا ہے۔ کل جو لوگ ریلی نکالنے آرہے ہیں وہ پیپلزپارٹی کی بی ٹیم ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلزپارٹی نے پیسوں کے زور پر ان ملک مخالف عناصر کو پال رکھا ہے۔ بلاول بھٹو اردو بولنے والے مہاجروں کے خون بہانے کی بات کر رہے ہیں، بلاول بھٹو بولنا چھوڑیں، ان کی پارٹی نے ماضی میں یہ سب کرکے دکھایا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ماضی میں 27 دسمبر کو تین دن تک آگ و خون کی ہولی پیپلزپارٹی نے کھیلی تھی، ایک دن میں سب سے زیادہ گاڑیاں جلائی گئیں، بینکوں اور انڈسٹریز کو آگ لگائی گئی، ہنگامہ آرائی کے دوران خواتین ورکرز کے ساتھ زیادتیاں کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں لوگوں کو زندہ جلایا گیا، اندرون سندھ اردو بولنے والوں کی دکانیں اور کاروبار جلائے گئے، پیپلزپارٹی کی حکومت آئی تو مجرمان کو جیلوں سے باہر نکالا گیا۔
انہوں نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ بلاول ہاؤس میں پانی کیوں نہیں آتا؟ ڈیفنس کے علاقے میں ٹینکر کیوں ڈلوانے پڑتے ہیں؟ بلاول بھٹو کو اس صورتحال پر غصہ کیوں نہیں آتا؟ اندرون سندھ خواتین وہاں سے پانی لاتی ہیں جہاں کتے پانی پی رہے ہیں، تمہیں ان تمام حالات پر بھی غصہ نہیں آتا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سندھ حکومت کو 18 سالوں میں 22 ہزار ارب روپے ملے، اصل غصہ ان 22 ہزار ارب روپے کے چھن جانے پر آ رہا ہے۔






