محسن نقوی کا اسلام آباد مرکز ایف الیون کا اچانک دورہ، شدید ناراضی کا اظہار؟

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایف الیون مرکز کا دورہ، صفائی کے ناقص انتظامات اور پارکنگ کی مناسب سہولت نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار، متعلقہ حکام کو فوری انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے تجارتی مرکز ایف الیون کا دورہ کرتے ہوئے شہریوں کو درپیش مسائل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ مرکز میں صفائی کے ناقص انتظامات اور پارکنگ کی مناسب سہولت نہ ہونے پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایف الیون مرکز کو ایف سکس مرکز کی طرز پر ترقی دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی مراکز میں آنے والے شہریوں کو بہتر ماحول اور ضروری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور پارکنگ کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو اپنے درمیان دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ شہریوں نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف شکایات پیش کیں، جس پر وزیر داخلہ نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے گرین ایریا میں ہر آنے والے وقت کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے تجارتی مراکز میں شہریوں کی سہولت، صفائی ستھرائی اور پارکنگ کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے ایف الیون مرکز کو ایف سکس مرکز کی طرز پر ترقی دینے کی ہدایت کو علاقے میں شہری سہولتوں اور تجارتی ماحول کی بہتری کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔