مریم نواز نے پنجاب کے شہریوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت اگلے ڈھائی سالوں میں ہزاروں گھر بنانے کا اعلان، ڈھائی لاکھ خاندانوں میں سے ایک بھی ڈیفالٹر نہیں، مریم نواز کا دعویٰ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں اپنی چھت، اپنا گھر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر دنیا نے بلا کر انعام اور اعزاز دیا۔ اپنی چھت، اپنا گھر کے اتنی زیادہ تعداد میں مالکان دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے بھائیوں اور بہنوں کی مشکور ہوں جنہوں نے عزت سے نوازا۔ تمام عمر کرائے کے گھر میں رہنے والوں کو اپنی چھت مبارک ہو۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے بعد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے یہ پروگرام شروع کروایا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گھر سے نکلی تو قائد محمد نواز شریف نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر مالکان کو میری طرف سے بھی مبارکباد دینا۔ قائد محمد نواز شریف نے ہدایت کی کہ پانچ سالوں میں پانچ لاکھ گھر نہیں بلکہ دس لاکھ گھر بنانے ہیں۔ ملتان سٹیڈیم میں 25 ہزار اپنی چھت، اپنا گھر کے مالکان جیت کا جشن منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ پچھلے ڈھائی سال میں تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار گھر بن چکے اور ڈیڑھ لاکھ گھر بننے کے قریب ہیں۔ اپنی چھت، اپنا گھر کے مالکان کے لیے 10 بڑے سٹیڈیم بھی ہوں تو بھی بھر جائیں۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں سے وعدہ نہیں بلکہ وعدے سے وفا کا بتانے آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 2026 کی سردی میں ہزاروں خاندان اپنے گھر کے آنگن میں دھوپ سیکیں گے۔ سٹیڈیم میں ایسے باپ بیٹے ہیں جن کی آدھی کمائی کرایوں میں چلی جاتی تھی۔ آج ان کی کمائی ان کے خاندان، گھر کے سامان بنانے میں صرف ہو رہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کے خواب کی تعبیر نہیں بلکہ میرا خواب پورا ہوا ہے، جو ایک سال پہلے ناممکن لگتا تھا۔ یہ گھر نہیں بلکہ ایک بہن کا اپنی بیٹی، ماں اور باپ کے لیے تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام جنوبی پنجاب نہیں، پنجاب نہیں، پاکستان کا نہیں، ایشیاء کا نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا سستا پروگرام ہے۔ آذربائیجان، مسقط، یو این ہیبیٹیٹ نے تسلیم کیا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام دنیا کا لوکاسٹ ہاؤسنگ پروگرام ہے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام دنیا کے بڑے پروگراموں کے ریکارڈ توڑے گا اور دنیا اسے ایک مثال کے طور پر پیش کرے گی۔ بے گھر خاندان ہر ماہ سامان کو اٹھانا اور ہر سال کرایہ بڑھنے کی دشواری کو جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے گھر خاندان جتنا دوسروں کو گھر کا کرایہ دیتے تھے آج اس سے بھی کم قسط دے رہے ہیں۔ کرائے کا گھر کبھی اس کا نہیں ہوتا، آج اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت اپنے گھر کے مالک بن گئے ہیں۔ کہا جاتا تھا کہ ضمانت کے طور پر پلاٹ رکھ لیں لیکن مجھے اپنی عوام پر پورا بھروسہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر کے ڈھائی لاکھ خاندان میں سے ایک بھی ڈیفالٹر نہیں ہے۔ ہر روز پنجاب بھر میں خاندان کرائے کے گھروں کو چھوڑ کر اپنے گھروں میں شفٹ ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت اگلے ڈھائی سالوں میں ہزاروں گھر بنانے کا اعلان کیا ہے۔ منسٹر ہاؤسنگ، سیکرٹری ہاؤسنگ، سابق سیکرٹری کیپٹن اسد، نورالامین مینگل کو شاباش دیتی ہوں۔ پھاٹا کے ذیشان سکندر، بینک آف پنجاب، ظفر مسعود، مائیکروفنانس ایجنسی، اخوت اور محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔