مولانا فضل الرحمان نے پورا ملک جام کرنے کی کال دے دی

لاہور: مولانا فضل الرحمن کی پورا ملک جام کرنے کی کال، کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں اور جلسے کی اجازت نہ دینے پر سڑکوں پر نکلنے اور ملک بھر کے راستے بند کرنے کی اپیل۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پوری قوم سے سڑکوں پر آنے اور ملک بھر کے راستوں کو بلاک کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ہم نے سرگودھا میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا، وہ اعلان اب بھی برقرار ہے لیکن اطلاعات یہ ہیں کہ سرگودھا جانے والے سارے راستے بند کر دیے گئے ہیں، بنڈال پر پولیس کا مکمل قبضہ ہے، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ہمارے اہم رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں ہم جلسہ گاہ تک پہنچے یا نہیں، میں اعلان کرتا ہوں اور تمام صوبوں اور ان کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے گھروں سے نکلیں اور میدان میں نہیں بلکہ سڑکوں پر آ جائیں اور تمام راستے بند کر دیں، ہائی ویز روک دیں، موٹرویز روک دیں اور احتجاج کریں کہ ہمیں ایک جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے، ہمیں ایک جلسہ کیوں نہیں کرنے دیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ کیوں اس جلسے کو روکنے کے لیے کارکنوں پر تشدد کیا جا رہا ہے، اس تمام صورتحال پر پورا ملک احتجاج کرے گا، سڑکوں پر نکلے گا اور تمام شاہراہیں احتجاج کے طور پر بند کر دے گا۔

قبل ازیں سرگودھا جلسہ اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جی ٹی آئی ملک اویس کو پنجاب پولیس نے گرفتار کر لیا، حکومت ہوش کے ناخن لے، فی الفور رہا نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، کیا ملک میں مارشل لا لگ چکا ہے؟ سیاسی اجتماعات پر پابندی کیوں لگائی جا رہی ہے۔

ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ مریم بی بی خود تو جلسے جلوس کر رہی ہے، کیا اپوزیشن جماعتوں کو جلسوں کا حق حاصل نہیں، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے، ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، مولانا عبدالغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں، کیا ان کی گرفتاری سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے، بغیر وارنٹ گرفتاریاں اس ملک کے جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں، مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، جے یو آئی کے دیگر عہدیداران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جنرل سیکریٹری پنجاب نصیر احرار نے کہا کہ حکومت ہمارے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو جلد از جلد رہا کرے، جی ٹی روڈ، موٹروے اور دیگر راستے بند کرکے عوام کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔