فیس لیس چالان سے بچنے والوں کی شامت، ٹریفک پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن

کراچی ٹریفک پولیس کا فیس لیس چالان سے بچنے والوں کے خلاف کلیمپنگ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ۔

ڈی آئی جی سید پیر محمد شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں اعلان کیا کہ فیس لیس چالان سے بچنے کے لیے جعلی نمبر پلیٹ اور دیگر حربے استعمال کرنے والی گاڑیوں کو گراؤنڈ پر چیک کریں گے اور ہماری خصوصی کلیمپ ٹیم معاملے کو دیکھے گی۔

انہوں نے بتایا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو موقع پر کلیمپ کیا جائے گا، شہریوں کو گاڑی ان کلیمپ کروانے کے لیے اصل نمبر پلیٹ اور دستاویزات دکھانا ہوں گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے یہ بھی واضح کیا کہ گاڑیوں کو ان کلیمپ کروانے کے لیے 2 ہزار روپے چارجز بھی ادا کرنا ہوں گے، کیونکہ متعلقہ ٹیم پہلے گاڑی کو کلیمپ کرنے آئے گی اور پھر اسے ان کلیمپ بھی کرے گی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کی گاڑیاں کلیمپنگ تک ٹریفک پولیس کے پاس محفوظ حالت میں کھڑی رہیں گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ فیس لیس چالان شروع ہونے کے بعد سے دیکھا گیا تھا کہ شہری چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس کو چھپانے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں۔