وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خواتین ڈاکٹرز ملک کے نظامِ صحت کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ پاکستان کی مٹی بہت زرخیز ہے، ہماری بیٹیوں کو صرف تھوڑی سی سرپرستی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ بچیوں کی محنت اور والدین کی دعاؤں نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ بیٹوں کو پڑھاؤ، بیٹیوں کو نہیں، کیونکہ بیٹیوں نے بالآخر شادی ہی کرنی ہے۔ ایسے میں سوال کیا جاتا ہے کہ انہیں ڈاکٹر بنا کر کیا کرنا ہے، تاہم خواتین کی تعلیم اور پیشہ ورانہ ترقی ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر نہیں ہوں، میں نے میڈیسن چھوڑ کر انگلش لٹریچر میں ماسٹرز کیا۔ شادی کم عمری میں ہو جانے کے باعث میری تعلیم ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی، تاہم میں نے ہمت نہیں ہاری، اپنی گریجویشن مکمل کی اور انگلش لٹریچر میں ماسٹرز کیا، کیونکہ ذاتی کامیابی بھی کوئی چیز ہوتی ہے اور آج دیکھیں کہ میں کہاں کھڑی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کہا جاتا ہے کہ بیٹوں کو پڑھاؤ، بیٹیوں کو نہیں اور یہ بات کی جاتی ہے کہ بیٹیوں کی تو شادی ہو جائے گی، انہیں ڈاکٹر بنا کر کیا کرو گی، لیکن آج جب میری گاڑی جا رہی ہو اور ساتھ کوئی بچی اسکوٹی چلا کر جا رہی ہو تو مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ اب والدین اس بات پر بھروسہ کرتے ہیں کہ مریم نواز ہے جو ان کی بچیوں کی سکیورٹی کو دیکھ رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد عہد کیا ہے کہ ہر مریض کی جان بچانے کے لیے اقدامات کریں گی۔ امیر ہو یا غریب، ان کے لیے تمام مریض برابر ہیں، بلکہ وہ مریض زیادہ اہمیت رکھتا ہے جس کے پاس علاج کے وسائل موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو علاج معالجے کی سہولت ان کے اپنے شہروں میں فراہم کرنا ان کا ویژن ہے۔ صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، جدید کیتھ لیبز قائم کی گئی ہیں، بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا گیا ہے جبکہ پورے پنجاب میں اسٹروک سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مطابق لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا کینسر ہسپتال زیر تعمیر ہے، نواز شریف کینسر ہسپتال کے ڈین امریکا سے واپس آئے ہیں جبکہ بیرون ملک جانے والے ڈاکٹرز بھی وطن واپس آ رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی مریض علاج کی سہولت سے محروم نہ رہے۔
ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں کو جتنی تنخواہ دی جائے کم ہے۔ ایک ڈاکٹر اپنے آٹھ گھنٹوں میں وہ کام انجام دیتا ہے جو کوئی دوسرا نہیں کر سکتا۔ خواتین ڈاکٹرز کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
خواتین کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اگر کسی بچی کو ہراسانی کا سامنا ہو یا کوئی اسے بلیک میل کر رہا ہو تو فوری طور پر رپورٹ کرے۔ والدین بھی جرائم کی رپورٹنگ میں اپنی بچیوں کا ساتھ دیں۔ کالجز میں پنک پینک بٹن بھی نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کے تحفظ کے لیے ایک باقاعدہ نظام تشکیل دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ماضی میں ہسپتالوں میں مختلف مافیاز سرگرم تھے اور آئے روز ہڑتالیں ہوتی تھیں، تاہم اب طویل عرصے سے ایسی ہڑتالیں سننے میں نہیں آئیں۔ خواتین ڈاکٹرز کو بہتر اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 10 کروڑ لوگوں نے سرکاری ہسپتالوں میں علاج کروایا۔ ہم ہمیشہ اپنے ہیلتھ سسٹم کو برا کہتے ہیں اور کہتے ہیں کہ مغرب میں صحت کا نظام بہت اچھا ہے، حالانکہ مغرب میں اگر یہی 10 کروڑ کی آبادی ہو تو انہیں سمجھ بھی نہ آئے کہ انہیں کیسے ٹریٹ کریں۔ میرا اور میری حکومت کا یہ مشن ہے کہ پنجاب کے ہر شخص کو علاج اس کے اپنے شہر میں ملے اور اگر کوئی رحیم یار خان، لیہ یا بھکر میں بیمار ہو تو اسے یہ نہ کہا جائے کہ اس کو لاہور لے جاؤ۔






