ملکی تحفظ کے لیے بلوچستان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، سرفراز بگٹی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع، قومی سلامتی اور استحکام ہر چیز پر مقدم ہے اور بلوچستان ملک کے تحفظ کے لیے اپنے وسائل اور ضروریات میں سے حصہ دینے سمیت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو حالیہ عرصے میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف جنگ لڑنا پڑی، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا بھی پیچیدہ سکیورٹی صورتحال سے دوچار ہیں۔ ان حالات میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں اور صوبائی حکومت و عوام ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حلقہ پی بی 39 نواں کلی میں جدید سہولتوں سے آراستہ میر سرفراز بگٹی اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عموماً ایسے منصوبوں کی افتتاحی تقریبات میں شرکت کو ترجیح دیتے ہیں جو مکمل ہو چکے ہوں، تاہم نواں کلی اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں غیر معمولی تاخیر اور اس سے وابستہ مسائل کے باعث انہوں نے خود سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا، تاکہ رکاوٹیں دور کرکے تعمیراتی کام فوری شروع کرایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ گزشتہ چھ سے سات ماہ سے زمین کے مسائل اور انتظامی و دفتری پیچیدگیوں کے باعث تعطل کا شکار تھا۔ عوامی فلاح کے منصوبوں میں غیر ضروری سرخ فیتے اور بیوروکریٹک رکاوٹوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ کو منصوبے کی ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا کام اسی روز شروع کیا جائے اور تمام متعلقہ ادارے بروقت تکمیل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

میر سرفراز بگٹی نے سیکریٹری کھیل اور سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کو منصوبے کی مالیاتی تخصیص بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مطلوبہ فنڈز فراہم کرے گی، تاہم ایک سال بعد اسی تاریخ کو منصوبہ مکمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوجوانوں کے اس اہم منصوبے کی تعمیر میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور کام میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں کے میدان آباد کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے اور انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔ حکومت نوجوانوں کو کھیل، تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے۔ عوامی فلاح اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں اور اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن ذمہ داری ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی عوامی خدمات اور محنت کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بخت محمد کاکڑ نے مختلف ذمہ داریاں پوری لگن اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دی ہیں۔ کوئٹہ کے ٹراما سینٹر، سول ہسپتال، باچا خان ہسپتال، مفتی محمود ہسپتال اور دیگر طبی اداروں سے متعلق انہیں سونپی گئی ذمہ داریوں پر ان کی کارکردگی قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے صوبائی وزیر کو متحرک اور محنتی عوامی نمائندہ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کو اس وقت مالی مشکلات کے ساتھ متعدد قومی اور صوبائی ذمہ داریوں کا سامنا ہے، اس کے باوجود عوامی ترقی اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے وسائل کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے تقریب میں شریک عوامی نمائندوں، افسران اور علاقہ مکینوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی دہشت گردی کے خلاف جس عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں، صوبائی حکومت کی ٹیم ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ عوامی فلاح، صوبے کی ترقی اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور انہیں فخر ہے کہ وہ اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ ہیں اور جب بھی عوامی مشکلات یا ضروریات ان کے سامنے رکھی گئیں، انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کیے۔ ان کی قیادت میں صوبائی حکومت فلاحی منصوبوں کو عملی شکل دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کو دہشت گردی سمیت متعدد چیلنجز درپیش ہیں، تاہم وزیراعلیٰ نے امن، استحکام اور ترقی کے لیے واضح عزم کا اظہار کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت اور عوام ایک صفحے پر ہیں اور صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صحت سمیت مختلف عوامی منصوبوں میں وزیراعلیٰ کی دلچسپی اور بروقت رہنمائی سے عملی پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔ نواں کلی میں جدید اسپورٹس کمپلیکس کا قیام نوجوانوں کے لیے اہم سہولت ثابت ہوگا، جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع میسر آئیں گے۔ صوبائی وزیر نے عوامی خدمت کے لیے تعاون اور سرپرستی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور بلوچستان کی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور منصوبے کی کامیابی و تکمیل کے لیے دعا بھی کی۔