راولپنڈی آمد پر مریم نواز کا استقبال، خالص سونے کا خصوصی تاج پہنا دیا گیا

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی راولپنڈی آمد پر جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا، سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں ہزاروں افراد استقبال کے لیے امڈ آئے، مختلف مقامات پر گل پاشی کی گئی اور خیرمقدمی پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے۔

بازاروں میں ڈھول کی تھاپ اور روایتی پنڈی وال انداز میں وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا گیا، اس موقع پر گھڑ ڈانس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تاجر برادری نے بھی مریم نواز کا پرجوش استقبال کیا جبکہ خواتین کی بڑی تعداد بھی خیرمقدم کے لیے موجود تھی۔

پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی کے طویل بیرونی راستے پر طلبہ و طالبات نے دونوں اطراف کھڑے ہو کر وزیراعلیٰ کا استقبال کیا، یونیورسٹی گیٹ پر موجود کارکنوں نے مریم نواز کی آمد پر پرجوش نعرے لگائے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دورہ راولپنڈی کے موقع پر خالص سونے کا خصوصی تاج بھی پیش کیا گیا۔ آل پاکستان رجسٹرڈ سمال جیمز اینڈ جیولری اینڈ ٹول ایسوسی ایشن نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ تاج تیار کروایا تھا۔

ایسوسی ایشن کے زونل چیئرمین غلام مصطفی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو سونے کا تاج پہنایا۔ ایسوسی ایشن عہدیداران کے مطابق تاج پیش کرنے کا مقصد وزیراعلیٰ کی راولپنڈی آمد پر خیرمقدم اور اظہار تشکر کرنا تھا۔