مقامی اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز مقامی مارکیٹ میں 2 ہزار 700 روپے کی کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 57 ہزار 536 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 315 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 92 ہزار 263 روپے پر آگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی بازار میں سونے کی قیمت 27 ڈالر کم ہوگئی، جس کے بعد فی اونس سونا 4 ہزار 350 ڈالر کا ہوگیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز عالمی و مقامی مارکیٹوں میں چاندی کی قیمتیں برقرار ہیں۔ عالمی سطح پر چاندی 66.22 ڈالر فی اونس کی قیمت پر جبکہ مقامی مارکیٹ میں چاندی 7 ہزار 100 روپے فی تولہ پر مستحکم رہی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے شرح تبادلے کا بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ہے۔






