اسلام آباد(آئی این پی) گوگل نے پاکستان میں اپنے پہلے مقامی دفتر کے قیام کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ایک برس تک پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی سبسکرپشن مفت ہوگی۔
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان کے تمام طلبہ کو گوگل جیمنائی کی ایک سالہ سبسکرپشن مفت فراہم کرے گی۔ اس سہولت کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے مقاصد سے بھی مطابقت رکھتا ہے۔
ولسن وائٹ نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں گوگل نے پاکستان میں مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا، جبکہ اس کے ایکو سسٹم نے 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کو سہارا دیا۔
گوگل کے نائب صدر نے پاکستان میں کمپنی کے مستقبل کے منصوبوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو صرف ابتدا ہے۔
تقریب کے بعد وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گوگل کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔






