اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ ریفائنریز کے ساتھ ملاقاتوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ریفائنریز نے حکومت کی درخواست قبول کرلی ہے، جس کے بعد آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 32 روپے سے زائد کمی کرے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے، وزیراعظم کی قیادت میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے گئے اور عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ مشکل وقت ضرور ختم ہوگا، حکومت مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، ڈیزل کی پیداوار والے ملک روس کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ریفائنریوں کو درخواست کی اور چیئرمین اوگرا سمیت ہمیں بھی ہدایت کی، جس کے بعد ریفائنریز کے ساتھ گفتگو ہوئی ہے اور ریفائنریوں نے حکومت کی درخواست قبول کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے سے زائد کمی کی جائے گی، اوگرا چند لمحوں بعد اپنے اعداد و شمار کے ساتھ عوام کے سامنے لائے گا، جس سے کسان، طلبہ اور عوام کی تکلیف کم کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ مرہم رکھا جائے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے مشکل ماحول سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے لیے عوام کو بالکل لاوارث نہیں چھوڑا، اوگرا ریاست کا ادارہ ہے، جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے، اس کے ساتھ ساتھ حکومت کے جائز مطالبات کا بھی خیال رکھے۔
انہوں نے کہا کہ ریفائنریز نے جنگ کے دوران خام تیل کی قیمت پر ہمارے ساتھ اتفاق کیا تھا اور آج بھی ہمارے ساتھ لبیک کہا ہے، اگلے ہفتے اپنی ٹیم کے ساتھ کراچی جا کر ریفائنریز کا شکریہ ادا کروں گا اور ان کے مسائل پر کام کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ریفائنریوں کے ساتھ جو 70 یا 80 سال سے ترتیب نہیں دے سکے وہ کام کریں گے، ہماری ریفائنریز گاڑھا خام تیل استعمال نہیں کرسکتیں، جس کی وجہ سے ہمیں مہنگا تیل خریدنا پڑتا ہے اور عوام کو مہنگا ڈیزل اور پیٹرول ملتا ہے، اس لیے ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے لیے تیاری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کو مضبوط کرنے کے لیے اگلے چند دنوں میں وزیراعظم کی سربراہی میں وہ کام ہوگا جو 70 سال میں نہیں ہوا، ریفائنری اپ گریڈ، بونڈڈ اسکیم، دوست ممالک سے خام تیل اور اپنی سرحدوں کو کیسے محفوظ کرسکتے ہیں، اس کو بھی آپریشنل کریں گے اور اگلی نسلوں کے لیے توانائی کے تحفظ کے لیے پاکستان کی کمزوریوں کو مستقل بنیاد پر حل کرکے جائیں گے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ جیسے جیسے موقع ملتا جائے گا عوام کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس میں آئل ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات کی ہدایت کی، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے چند پیسوں کی کمی کا اعلان کیا جائے گا۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ خطے میں جنگ کے باعث دنیا بھر میں تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا، ڈیزل کی قیمت میں کمی سے کاشت کار بھائیوں اور ٹرانسپورٹرز کو ریلیف ملے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ دنوں میں عوام کو مزید خوش خبریاں ملیں گی۔





