27 سالہ مشہور اداکارہ انتقال کر گئیں ، انڈسٹری سوگوار

بھارتی اداکارہ اننیا راج 27 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

اداکارہ کے اہلِ خانہ نے ان کی موت کی تصدیق تقریباً ایک ماہ بعد ان کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے بیان کے ذریعے کی۔ خاندان کے مطابق اننیا راج 15 جولائی کی علی الصبح نیند کے دوران انتقال کر گئی تھیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق اننیا گزشتہ ایک برس سے زائد عرصے سے جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کر رہی تھیں۔ انہوں نے اپنی مشکلات پر قابو پانے کے لیے بہادری سے مقابلہ کیا اور وہ مضبوط ارادوں کی مالک تھیں۔

خاندان نے مداحوں سے اداکارہ کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ اننیا راج نے ہندی اور علاقائی فلموں میں کام کیا تھا۔ ممبئی میں پرورش پانے والی اداکارہ نے فلموں اور میوزک ویڈیوز کے ذریعے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا۔

اننیا نے 2016ء میں فلم ’7 آورز ٹو گو‘ سے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا، جس کے بعد 2017ء میں ’دی فائنل ایگزٹ‘ اور 2019ء میں ’گھوسٹ‘ میں بھی اداکاری کی۔ انہوں نے تیلگو فلم اور تین زبانوں میں بننے والی فلم ’مدراسی گینگ‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔