رونالڈو کی ریٹائرمنٹ ؟؟؟ مداحوں کیلئے افسردہ کر دینے والے خبر

پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اہم اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر 2027 ان کے شاندار فٹبال کیریئر کا آخری سال ہوسکتا ہے۔

ایک فیشن اور لائف اسٹائل میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے 41 سالہ رونالڈو نے کہا کہ شاید یہ فٹبال میں ان کا آخری سال ہو، تاہم انہوں نے ریٹائرمنٹ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کھیل سے رخصت ہوتے وقت ایسی میراث چھوڑنا چاہتے ہیں جسے لوگ طویل عرصے تک یاد رکھیں۔

رونالڈو نے 2002 میں پرتگالی کلب اسپورٹنگ سے اپنے سینئر کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد وہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور یووینٹس جیسے بڑے کلبوں کا حصہ رہے۔ وہ اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو نے اپنے کیریئر میں متعدد اہم اعزازات حاصل کیے، تاہم ورلڈ کپ کی ٹرافی ان کی کامیابیوں میں شامل نہیں ہوسکی۔

رونالڈو کلب اور قومی ٹیم کے لیے اب تک 976 گول کرچکے ہیں اور تاریخی 1000 گول کے سنگ میل سے صرف 24 گول دور ہیں۔ رواں سیزن النصر کے ساتھ کھیلتے ہوئے ان کی توجہ ممکنہ طور پر نہ صرف اپنے آخری سیزن پر ہوگی بلکہ 1000 کیریئر گولز مکمل کرنے پر بھی مرکوز رہے گی۔

ریٹائرمنٹ کے بعد زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے رونالڈو نے کہا کہ فٹبال چھوڑنے کے بعد سب سے بڑا چیلنج اپنے وقت کو مصروف رکھنا ہوگا، کیونکہ گزشتہ 25 برس سے فٹبال ان کی زندگی کا اہم ترین حصہ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ زیادہ سفر کرنا، پیڈل کھیلنا اور اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق فٹبال کیریئر کے دوران انہوں نے طویل عرصے تک بہت سی قربانیاں دیں اور اب زندگی کے دیگر پہلوؤں پر بھی توجہ دینا چاہتے ہیں۔

رونالڈو کی ممکنہ ریٹائرمنٹ فٹبال کے ایک شاندار دور کے اختتام کی علامت ہوگی۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے تک گولز، ریکارڈز اور غیر معمولی کارکردگی کے ذریعے عالمی فٹبال پر راج کرنے والے پرتگالی اسٹار کے سامنے اب سب سے بڑا فوری ہدف 1000 کیریئر گولز کا تاریخی سنگ میل ہے۔