ہالی ووڈ اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کے نمائندے نے موت کی تصدیق کردی ہے، تاہم فی الحال ان کی موت کی وجہ سامنے نہیں آئی۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
ہیڈن پنیٹیئر نے کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا اور ٹی وی و فلموں میں نمایاں مقام بنایا۔ انہیں عالمی شہرت مقبول ٹی وی سیریز ’ہیروز‘ میں کلیئر بینیٹ اور میوزیکل ڈراما سیریز ’نیش وِل‘ میں جولیٹ بارنز کے کردار سے ملی۔ ’نیش وِل‘ میں ان کی اداکاری پر انہیں دو گولڈن گلوب نامزدگیاں بھی حاصل ہوئیں۔
ان کے والد اسکیپ پنیٹیئر نے بیٹی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈن ایک غیر معمولی روشنی اور مضبوط شخصیت کی مالک تھیں، جنہوں نے اپنے قریبی لوگوں سمیت پردہ اسکرین پر انہیں دیکھنے والے لاکھوں افراد کی زندگیوں میں محبت اور خوشیاں بکھیریں۔ خاندان نے اس مشکل وقت میں نجی زندگی کے احترام کی اپیل کی ہے۔
اداکارہ نے ’ریممبر دی ٹائٹنز‘، ’ریزنگ ہیلن‘، ’آئس پرنسس‘ اور ’اسکریم‘ فرنچائز سمیت متعدد فلموں میں کام کیا۔ وہ 2023 میں ریلیز ہونے والی ’اسکریم 6‘ میں کربی ریڈ کے کردار میں بھی واپس آئی تھیں۔
ہیڈن پنیٹیئر اپنی ذاتی زندگی اور مشکلات کے بارے میں بھی کھل کر بات کرتی رہی تھیں۔ رواں برس ان کی یادداشت ’This Is Me: A Reckoning‘ شائع ہوئی، جس میں انہوں نے پوسٹ پارٹم ڈپریشن، نشے، بحالی اور ذاتی زندگی کے مشکل تجربات کا ذکر کیا۔
وہ ایک بیٹی کی والدہ تھیں۔ ان کی بیٹی کایا 2014 میں سابق منگیتر اور یوکرینی باکسر ولادیمیر کلِتھچکو کے ہاں پیدا ہوئی۔ کایا اس وقت اپنے والد کے ساتھ رہتی ہیں۔





