ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مزید گہرے کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات علاقائی سکیورٹی اور استحکام میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
تہران میں ایرانی صدر سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ باہمی مفادات کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں دلچسپی قابلِ قدر ہے۔ ایران پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ تنسیخ ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع انداز میں مزید فروغ دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔
محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اپنے ایرانی ہم منصب محسن مومنی سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔






