سرکاری ملازمین کے لیے پنشن کا نیا نظام عملی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ اسکیم 2024 پر عملدرآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کے قواعد جاری کردیئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو اسکیم پر عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے۔ متعلقہ اداروں کو اسکیم کے دائرہ کار میں آنے والے ملازمین کی فہرستیں تیار کرنے اور ملازمین کا ڈیٹا و متعلقہ اسناد 15 روز کے اندر اے جی پی آر کے ریکارڈ میں اپ ڈیٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہر وزارت اور ڈویژن کو گریڈ 17 یا اس سے زائد کے ایک افسر کو فوکل پرسن مقرر کرنے کا کہا گیا ہے، جو ڈیفائنڈ کنٹری بیوشن پنشن فنڈ اسکیم سے متعلق تمام معاملات کی نگرانی کرے گا۔ اس کے علاوہ اسکیم پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ افسران اور شعبے بھی نامزد کیے جائیں گے۔
وزارت خزانہ کے ایچ آر ونگ کو اسکیم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس کو اے جی پی آر کے ساتھ مل کر ملازمین کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نئے نظام کے تحت ملازمین کا ڈیٹا وزارت، ڈویژن، محکمہ اور گریڈ کے لحاظ سے مرتب کیا جائے گا، جبکہ وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ اداروں کو پنشن فنڈ اسکیم پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔






