خیبرپختونخوا میں جائیداد کے معاملات بدلنے کی تیاری، نیا نظام متعارف

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے جائیداد سے متعلق ریونیو معاملات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنٹرلائزڈ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی محکمہ ریونیو کے مطابق نئے نظام کا مقصد جائیداد کے انتقالات سمیت ریونیو معاملات میں عوامی شکایات کا خاتمہ، سروس ڈلیوری میں بہتری اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔

حکام کے مطابق ویب بیسڈ نظام کے تحت جائیداد سے متعلق تمام معاملات کو کمپیوٹرائز کیا جائے گا، جبکہ صوبے بھر میں قائم 64 سروس ڈلیوری سینٹرز کے ذریعے شہریوں کو جدید اور تیز رفتار سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

منصوبے کے تحت شہری لینڈ ریکارڈ تک آسان رسائی حاصل کر سکیں گے اور گھر بیٹھے فرد، فردِ بدر، انتقال سمیت دیگر ریونیو خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے۔

محکمہ ریونیو کے مطابق منصوبے کا مقصد سروس ڈلیوری بہتر بنانا، کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

حکومت نے ایک سال کے اندر محکمہ ریونیو کی تمام خدمات آن لائن کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ محکمہ خزانہ سے فنڈز کے اجرا کے بعد منصوبے پر عملی کام شروع کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے ذریعے لینڈ ریکارڈ کی بروقت اپ ڈیٹ، نگرانی اور دیکھ بھال بھی ممکن ہو سکے گی، جس سے شہریوں کو مزید بہتر اور شفاف سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔