سوشل میڈیا پر بڑا کریک ڈاؤن، پی ٹی اے نے لاکھوں لنکس بلاک کر دیے

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پر نازیبا، اشتعال انگیز اور دیگر ممنوعہ مواد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ 10 سال کے دوران 15 لاکھ 42 ہزار 800 یو آر ایل بلاک کر دیے۔

پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق قابلِ اعتراض مواد کے خلاف کارروائی کی شرح 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اخلاقیات کے خلاف مواد پر 10 لاکھ 65 ہزار سے زائد یو آر ایل بند کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق فیس بک پر 2 لاکھ 30 ہزار، ٹک ٹاک پر ایک لاکھ 70 ہزار جبکہ ایکس (سابق ٹوئٹر) کے 74 ہزار سے زائد لنکس بلاک کیے گئے۔ یوٹیوب پر 66 ہزار سے زائد یو آر ایل بند کیے گئے، جہاں بلاکنگ ریٹ 88.6 فیصد رہی۔

پی ٹی اے کے مطابق واٹس ایپ کے 50 ہزار جبکہ انسٹاگرام کے 45 ہزار سے زائد یو آر ایل بھی بلاک کیے گئے۔

اتھارٹی نے دہشت گردی سے متعلق ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد یو آر ایل، قومی سلامتی و دفاع کے خلاف 74 ہزار سے زائد یو آر ایل جبکہ اسلام مخالف مواد پر ایک لاکھ 12 ہزار 482 یو آر ایل بند کیے۔

رپورٹ کے مطابق فرقہ واریت اور نفرت انگیز مواد کے 52 ہزار سے زائد یو آر ایل بلاک کیے گئے، جبکہ پراکسی ویب سائٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 99.99 فیصد یو آر ایل بند کیے گئے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ زیرِ جائزہ مدت کے دوران 17 لاکھ سے زائد شکایات پر کارروائی کی گئی، جبکہ 76 ہزار سے زائد شکایات زیرِ جائزہ ہیں اور ایک لاکھ سے زائد درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں۔