کراچی: گڈز ٹرانسپورٹرز اور سندھ حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے آج 8 اگست سے ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔
ہڑتال رکوانے کے لیے سندھ حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں سے مذاکرات کیے، تاہم بات چیت میں کوئی قابلِ عمل حل نہ نکل سکا۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران حکومتی نمائندوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے سنجیدہ پیش رفت نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کامیاب نہ ہونے کے باعث ہفتہ سے غیر معینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، جبکہ حکومت کو ٹرانسپورٹرز کے تمام مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔
دوسری جانب سندھ حکومت سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے گڈز ٹرانسپورٹرز کو بات چیت کے لیے طلب کر لیا ہے۔ وفاقی حکومت نے ملک شہزاد اعوان سے رابطہ کر کے انہیں مذاکرات کی دعوت دی ہے۔






