پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر بھارت کا ردعمل سامنے آگیا

نئی دہلی: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھارت کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی دہلی تینوں ممالک کے مابین ہونے والے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور اس معاملے کو قریب سے دیکھ رہے ہیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس پیش رفت سے متعلق میڈیا کو آگاہ کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس مکہ مکرمہ کے قصر الصفا میں منعقد ہوا، جس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شرکت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی جانب سے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جسے مکہ ڈیفنس جوائنٹ ایگریمنٹ کا نام دیا گیا ہے۔