بہاولپور: پنجاب حکومت نے اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام کے تحت چولستان کے مستحق خاندانوں کو زرعی اراضی لیز پر دینے کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے پہلے مرحلے میں ہزاروں خاندانوں کو پانچ، پانچ ایکڑ زمین فراہم کی جا رہی ہے۔
کمشنر بہاولپور کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ 83 ہزار ایکڑ زرعی اراضی بہاولپور کے چولستانیوں کے لیے مختص کی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 16 ہزار سے زائد افراد کو فی کس 5 ایکڑ اراضی فراہم کی جائے گی۔
تقریب کے دوران 25 کامیاب چولستانی کسانوں میں پانچ، پانچ ایکڑ زرعی اراضی کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کیے گئے۔
ایم ڈی چولستان ترقیاتی ادارہ کے مطابق پروگرام کے لیے 52 ہزار 158 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے جانچ پڑتال کے بعد 27 ہزار 647 درخواستیں منظور کی گئیں۔ پہلے مرحلے میں 10 ہزار 290 مستحق چولستانی خاندانوں کو زرعی اراضی الاٹ کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب حکومت محکمہ زراعت کے تعاون سے الاٹیوں میں سوا چار ارب روپے کی مالی معاونت بھی تقسیم کرے گی، جبکہ ہر ایکڑ کے لیے 50 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زمین کی تیاری، کاشتکاری اور دیگر زرعی سرگرمیوں میں نئے کاشتکاروں کی مدد کی جا سکے۔






