امریکا پاکستان تعلقات میں پیشرفت کا سلسلہ جاری

اسلام آباد: امریکی سفارتخانے نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں پیش رفت کا سلسلہ جاری ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

امریکی سفارتخانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے امریکی اراکین کانگریس اور کاروباری رہنماؤں نے اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کیا۔

بیان کے مطابق اعلیٰ حکام نے واشنگٹن میں ہونے والے پاک امریکا انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کے دوران مشترکہ سکیورٹی ترجیحات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ناظم الامور نیٹلی بیکر نے امریکا کی 250ویں سالگرہ اور پاک امریکا دوستی کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات کی مناسبت سے منعقدہ گالف ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مذاکراتی میز سے لے کر گالف کے میدان تک، پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کے حوالے سے یہ موسمِ گرما خاصا مصروف رہا۔