پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت کے لیے غلط ای چالان کی شکایات کے ازالے کا آن لائن پورٹل اور ریویو سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے ای چالان کو چیلنج کر سکیں گے اور دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اتھارٹی کے مطابق اگر کسی شہری کو لگتا ہے کہ اس کے نام پر غلط ای چالان جاری ہوا ہے تو وہ آن لائن پورٹل پر اکاؤنٹ بنا کر یا لاگ ان کرکے **ریویو سیکشن** میں اپنی درخواست جمع کرا سکتا ہے۔ درخواست کے ساتھ متعلقہ دستاویزات اور شواہد فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
درخواست موصول ہونے کے بعد پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی متعلقہ ٹیم چالان اور فراہم کردہ ثبوتوں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اگر تصدیق کے دوران ثابت ہو جائے کہ ای چالان غلطی یا تکنیکی خرابی کے باعث جاری ہوا تھا تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر سسٹم سے منسوخ کر دیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کا وقت بچانا، شکایات کے ازالے کے عمل کو آسان بنانا اور ٹریفک قوانین کے نفاذ میں مزید شفافیت لانا ہے۔






