آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے چہرے قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ مظفر آباد ڈویژن سے 2 جبکہ مہاجرین کی نشستوں سے 5 امیدوار پہلی بار قانون ساز اسمبلی پہنچے۔
ایل اے 29 مظفر آباد سٹی سے پیپلز پارٹی کے سردار مختیار احمد نے سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دے کر پہلی بار قانون ساز اسمبلی کی نشست حاصل کی۔
ایل اے 31 کھاوڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے راجا ثاقب مجید اور ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد احسن رضا بھی پہلی بار اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
ایل اے 37 جموں 4 سے مسلم لیگ (ن) کی مریم جاوید پہلی بار قانون ساز اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں۔
اسی طرح ایل اے 38 جموں 5 سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ذیشان علی، ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ اور ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون بھی پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی پہنچ گئے۔
انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی 5 نئے چہرے اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ دونوں مراحل مکمل ہونے کے بعد مجموعی طور پر 12 نئے ارکان پہلی بار آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا حصہ بن گئے۔






