وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی موجودہ حکومت کے طاقتور ترین وزیروں میں شامل ہیں اور کئی معاملات میں وزیراعظم کو بھی جوابدہ نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی وزیر داخلہ ہونے کے باوجود حکومتی نظام کا باقاعدہ حصہ نظر نہیں آتے، کیونکہ انہوں نے انہیں کابینہ کے اجلاسوں میں صرف دو یا تین بار ہی دیکھا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی پارلیمنٹ میں بھی صرف سات یا آٹھ مرتبہ آئے ہوں گے، اور اگر وہ خود موجودہ نظام پر شکایت کر رہے ہیں تو پھر “ہمیں گھر چلے جانا چاہیے۔”
خواجہ آصف کا یہ بیان وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ ریمارکس کے بعد سامنے آیا، جن میں انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ نظام اس حد تک کمزور ہو چکا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دس سال بعد بھی ملک کو انہی مسائل کا سامنا رہے گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے، کیونکہ موجودہ نظام اپنی افادیت کھو چکا ہے اور اس کے ذریعے مسائل کا مؤثر حل ممکن نہیں رہا۔






