پاکستان کے معروف اداکار اور موسیقار خالد نظامی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق وہ کافی عرصے سے بیمار تھے اور زیر علاج تھے۔
مرحوم کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر عثمانیہ مسجد، بفر زون 15 بی، کراچی وسطی میں ادا کی جائے گی۔
خالد نظامی 1947 میں شمالی بھارت کے شہر مسوری، ضلع ڈیرہ دون، ریاست اترکھنڈ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی گرامر اسکول سے حاصل کی جبکہ اسلامیہ کالج کراچی سے بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔
خالد نظامی کا شمار پاکستان کے نامور اداکاروں اور کامیڈینز میں ہوتا تھا۔ وہ اپنی منفرد اداکاری، برجستہ مزاح اور کرداروں میں فطری انداز کے باعث ناظرین میں خاص مقام رکھتے تھے۔
انہوں نے 1972 کے معروف پی ٹی وی ڈرامے “انکل عرفی”، 1974 کے “شہزوری” اور 1982 کے مقبول ڈرامے “ان کہی” سمیت کئی یادگار ڈراموں میں کام کیا۔ اس کے علاوہ حسینہ معین کے کھیل “عید کا جوڑا” سمیت متعدد ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
فلمی دنیا میں بھی خالد نظامی نے نمایاں کردار ادا کیے۔ ان کی فلموں میں 1974 کی “حقیقت”، 1975 کی “پہچان” اور 1977 کی پنجابی فلم “اج دیاں کڑیاں” شامل ہیں۔
بطور موسیقار بھی انہوں نے اپنی پہچان بنائی۔ گلوکارہ روبینہ بدر کی آواز میں مشہور گیت “تم سنگ نیناں لاگے مانے نہ ہی جیا را” کی دھن بھی خالد نظامی نے ترتیب دی تھی۔






