ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے کانٹینٹ کریئیٹرز کی ایک دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے یوٹیوب شارٹس کے لیے کسٹم تھمب نیلز کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل تخلیق کار اب اپنی شارٹ ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کی تصویر بطور تھمب نیل اپ لوڈ کر سکیں گے۔
اس سے قبل صارفین کو صرف ویڈیو کے کسی ایک فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرنے کی سہولت حاصل تھی، جس کے باعث منفرد اور یکساں برانڈنگ برقرار رکھنا مشکل ہو جاتا تھا۔
نئے فیچر کے ذریعے کریئیٹرز اپنی پسند کے مطابق زیادہ دلکش اور پیشہ ورانہ تھمب نیلز استعمال کر سکیں گے، جس سے شارٹس کی پیشکش بہتر ہوگی اور ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
یوٹیوب کے مطابق کسٹم تھمب نیل کا فیچر پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ طلب کیے جانے والے فیچرز میں شامل تھا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شامل صارفین کو فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ مستقبل میں اسے مزید تخلیق کاروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔






