پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 32 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر کے مختلف علاقوں میں متعدد کارروائیاں کی گئیں، جن میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے دیگر سہولت کاروں اور عناصر کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔





