ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشیں ، محکمہ موسمیات کی جانب سے اہم خبر آ گئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

اسلام آباد میں موسم کی صورتحال بدلتی رہنے کا امکان ہے، جہاں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ راولپنڈی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ شہریوں کی حفاظت کے لیے ندی نالوں میں نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم بارش کے باوجود موسم میں حبس برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، خیبر، کرم، کوہاٹ، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں اور شمالی وزیرستان میں بارش متوقع ہے۔

گزشتہ روز پشاور، چراٹ، کالام، مالم جبہ، دیر اور پٹن میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ پٹن میں 14 ملی میٹر، چراٹ میں 7 ملی میٹر، جبکہ کالام، دیر اور مالم جبہ میں 5،5 ملی میٹر اور پشاور میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔

پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 13 اور کالام میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، خضدار اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37، قلات میں 33، زیارت میں 27، ژوب میں 35، سبی میں 39، تربت میں 42، نوکنڈی میں 45، چمن میں 38، گوادر میں 31 اور جیوانی میں 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر کا موسم جزوی طور پر ابر آلود، گرم اور مرطوب رہنے کے ساتھ بعض علاقوں میں بوندا باندی بھی متوقع ہے۔

close