//

مظفرآباد موٹروے اور میرپور کو پنجاب اور کے پی سے ملائیں گے، وفاقی وزیر کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی): وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت نہ صرف مری۔مظفرآباد موٹروے تعمیر کرے گی بلکہ میرپور کو پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا سے بھی جدید شاہراہوں کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی میں کشمیر میں ایئرپورٹ اور موٹروے بنانے کے متعدد وعدے کیے گئے، تاہم گزشتہ 60 برسوں میں ان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے مری ایکسپریس وے بنانے کا اعلان کیا تو دیگر لوگوں کو بھی موٹروے منصوبوں کا خیال آ گیا۔

وفاقی وزیر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ خطے کی ترقی کے لیے ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی، صنعتوں کو فروغ دے گی اور سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرے گی۔ ان کے مطابق آزاد کشمیر میں فائیو اسٹار ہوٹلز اور ریزورٹس بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ خطے کی معیشت مستحکم ہو اور نوجوانوں کو روزگار میسر آئے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کا ہر بچہ تعلیم حاصل کرے، کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ رہے اور شرح خواندگی سو فیصد تک پہنچائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے بتایا کہ دو سال قبل وزارت مواصلات کی ذمہ داری سنبھالتے وقت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا ریونیو 66 ملین تھا، جو اب بڑھ کر 130 ملین تک پہنچ چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close