راولپنڈی (آئی این پی): پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مظفرآباد، میرپور اور راولپنڈی کی خواتین نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہو گی۔
راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت حقیقی معنوں میں عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام نواز شریف اور مریم نواز سے عقیدت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لیے نیک نیتی اور محنت کا جذبہ ضروری ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں ایک ہزار سے زائد کلینک آن ویلز عوام کو طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ دو برسوں میں دو لاکھ افراد کو گھروں کی فراہمی ممکن بنائی ہے۔
مریم اورنگزیب نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر وہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرتے ہیں تو اپنے صوبوں میں بھی عوامی فلاح کے منصوبے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ستھرا پنجاب منصوبہ عوام کو بہتر شہری سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے آزاد کشمیر کے لیے بھی صاف ستھرا آزاد کشمیر منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “کشمیر میں ہماری حکومت آ گئی ہے، کیونکہ راولپنڈی کی خواتین نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر امن کے قیام میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اس حوالے سے فعال کردار نبھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین انتخابات پر پیسہ خرچ کر رہے ہیں، تاہم اس کا مقابلہ صرف ووٹ کی طاقت سے کیا جا سکتا ہے، اس لیے عوام اپنے ووٹ کی حفاظت یقینی بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






