//

جنرل عامر رضا کی 4 اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر

وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو 4 اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جنرل عامر رضا کی ترقی اور تقرری کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو ترقی کے بعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس وقت چیف آف دی جنرل اسٹاف کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

جنرل عامر رضا اس سے قبل بھی پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ وزیراعظم نے انہیں نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جنرل عامر رضا اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد آرمی ایکٹ کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر کے اس کی جگہ کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ متعارف کرایا گیا تھا۔

آرمی ایکٹ میں ہونے والی اس ترمیم کے مطابق اس عہدے پر چیف آف ڈیفینس فورسز کی سفارش پر وزیراعظم پاکستانی بری فوج کے ایک جنرل کو تین سال کے لیے تعینات کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں سے متعلق اہم ذمہ داریاں انجام دیتی ہے، جن میں قومی سلامتی کے معاملات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کا شمار پاک فوج کے تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close