پاسپورٹ بنوانے کے نام پر شہریوں سے رشوت لینے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان شہریوں کی پاسپورٹ فائلوں پر جعلی اعتراضات لگا کر انہیں رشوت دینے پر مجبور کرتے تھے۔
فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ساہیوال اور جڑانوالہ میں پاسپورٹ دفاتر کے باہر اور اندر کارروائیاں کرتے ہوئے شہریوں سے رشوت وصول کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ساہیوال ریجنل پاسپورٹ آفس میں کارروائی کے دوران ایک ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت 9 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں دو اسپیشل برانچ اہلکار، ایک سکیورٹی گارڈ، ایک سویپر اور نجی ایجنٹس شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کی پاسپورٹ فائلوں پر جعلی اعتراضات لگا کر انہیں رشوت دینے پر مجبور کرتے تھے، جبکہ قطار توڑ کر ترجیحی بنیادوں پر پاسپورٹ پروسیس کرنے کے عوض بھی غیر قانونی رقم وصول کی جاتی تھی۔
ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف انسدادِ بدعنوانی ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
دوسری جانب جڑانوالہ میں پاسپورٹ دفتر کے باہر کارروائی کرتے ہوئے پانچ ایجنٹس کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان شہریوں سے جلد پاسپورٹ بنوانے کے نام پر رقوم وصول کرتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پاسپورٹ دفتر کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کے شواہد بھی ملے ہیں۔ گرفتار ملزمان میں حسنین، وقاص، ارمان، یونس اور ذوالفقار شامل ہیں، جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






