پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سے متعلق تازہ اپ ڈیٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 3 لاکھ 36 ہزار اور 3 لاکھ 2 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے چناب میں بھی مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ بالترتیب 1 لاکھ 95 ہزار، 2 لاکھ 62 ہزار اور 2 لاکھ 45 ہزار کیوسک ہے۔
دریائے ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 73 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جسڑ، شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقامات پر صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ نارووال نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے بتایا کہ دریائے چناب کے بالائی کیچمنٹس میں بارشیں رک چکی ہیں اور گزشتہ 12 گھنٹوں سے پانی کے بہاؤ میں استحکام دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور فلڈ ریلیف کیمپوں میں بنیادی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے، بچوں کا خاص خیال رکھنے اور پانی میں نہانے سے روکنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام نے دریا عبور کرنے کے لیے معیاری کشتیوں اور لائف جیکٹس کے استعمال پر بھی زور دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






