//

خلیج تعاون کونسل کا اقوام متحدہ سے ایران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے ایران اور یمن کے حوثی گروپ پر خطے کی سلامتی اور عالمی بحری تجارت کو متاثر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر مبینہ بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں جبکہ حوثیوں کی جانب سے باب المندب آبنائے کو بند کرنے کی دھمکیوں سے عالمی امن اور بین الاقوامی تجارت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، اس لیے عالمی برادری کو صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ بحری راستوں کی آزادی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور عالمی تجارت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے مزید الزام عائد کیا کہ ایران آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت کو متاثر کرنے، سمندری بارودی سرنگوں کے استعمال اور اہم آبی گزرگاہ کو بند کرنے کی دھمکیوں کے ذریعے عالمی جہاز رانی کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں تاکہ توانائی کی ترسیل، عالمی تجارت اور بین الاقوامی امن کو درپیش خطرات کم کیے جا سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close