جماعتِ اسلامی پاکستان نے مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج اور اہم شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے، جبکہ حکومت اس معاملے پر حقائق سے ہٹ کر مؤقف اختیار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی اور علاقائی حالات کو جواز بنا کر عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالا ہے، حالانکہ ان کے بقول پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز کا ان حالات سے کوئی براہِ راست تعلق نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اگر پٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسز ختم کر دیے جائیں تو پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی ممکن ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر عوام پر نئے مالی بوجھ عائد کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں بھی تیزی آتی ہے، تاہم عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو اس کا خاطر خواہ ریلیف نہیں دیا جاتا۔
امیر جماعتِ اسلامی نے عوام سے احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 7 اگست کو ملک بھر میں اہم شاہراہوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ احتجاج کے دوران ایمبولینسز اور ہنگامی طبی امداد کی گاڑیوں کو بلا رکاوٹ گزرنے دیا جائے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






