مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے ٹک ٹاک لائیو اور فیملی وی لاگرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے مواد کے بچوں اور نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اگرچہ سوشل میڈیا کے متعدد فوائد ہیں، تاہم اس کے نقصانات بھی نظرانداز نہیں کیے جا سکتے۔ ان کے مطابق فیملی وی لاگنگ اور ٹک ٹاک لائیو کے ذریعے پیش کیے جانے والے بعض غیر معیاری اور غیر مناسب مواد سے نوجوان نسل متاثر ہو رہی ہے۔
حنا پرویز بٹ نے ایک ٹک ٹاک صارف کی پوسسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد غیر مناسب مواد کے ذریعے زیادہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں، جس سے نوجوانوں میں راتوں رات کامیاب اور امیر ہونے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کل بہت سے نوجوان محنت کے بجائے شارٹ کٹ کے ذریعے کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا شخصیات ان کے لیے رول ماڈل بنتی جا رہی ہیں۔
انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں مثبت، تعمیری اور مفید مواد تک رسائی فراہم کریں۔
حنا پرویز بٹ اس سے قبل بھی سوشل میڈیا، لباس، ٹی وی پروگرامز اور عوامی شخصیات کے بیانات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کر چکی ہیں۔ گزشتہ ماہ انہوں نے گلوکار فلک شبیر کے خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر ردعمل دیا تھا، جبکہ ٹی وی میزبان فضا علی کے ایک پروگرام میں پیش آنے والے واقعے پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بڑوں کو ایسا طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے جو بچوں کے لیے مثبت اخلاقی مثال بنے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






