الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات تین مراحل میں کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی، دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین جموں و کشمیر کے انتخابی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی، جبکہ تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر مرحلے کے انتخابات کے نتائج پولنگ والے ہی روز شام کو جاری کیے جائیں گے۔ پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں و کشمیر کی 12 نشستوں پر بھی ووٹنگ 2 اگست کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ کمیشن کے مطابق تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی شیڈول میں مرحلہ وار تبدیلی انتظامی امور کو بہتر بنانے، سکیورٹی انتظامات مؤثر بنانے، انتخابی عملے کی بہتر تعیناتی اور انتخابی عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے کی گئی ہے، تاکہ پولنگ کا عمل منظم اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔
الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز سے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد، انتخابی مہم کو پرامن رکھنے اور جمہوری عمل کی کامیابی کے لیے تعاون کی اپیل بھی کی۔
نشستوں کی تقسیم کے مطابق میرپور ڈویژن میں 13، مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین جموں و کشمیر کے مجموعی طور پر 21 جبکہ پونچھ ڈویژن میں 11 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






