سندھ حکومت کا سرکاری ملازمین کی بقایا تنخواہوں اور الاؤنسز کے مسائل حل کرنے کا فیصلہ
محکمہ خزانہ سندھ نے سرکاری ملازمین کی بقایا تنخواہوں، الاؤنسز اور انکریمنٹس سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
اس مقصد کے لیے محکمہ خزانہ نے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو ملازمین کے مالی معاملات کا جائزہ لے کر قانونی پیچیدگیوں کو دور کرے گی اور بقایا ادائیگیوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
جاری کردہ فیصلے کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ خزانہ کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انٹرنل آڈیٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن بطور ارکان کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی ملازمین کے مالی کلیمز کی اسکروٹنی کرے گی اور بقایا تنخواہوں، الاؤنسز اور سالانہ انکریمنٹس سے متعلق زیر التوا معاملات کو جلد از جلد نمٹانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد ملازمین کے مالی معاملات میں حائل قانونی رکاوٹوں کو دور کرنا اور واجبات کی ادائیگی کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





