وزیراعلیٰ پنجاب کا گھر کی تعمیر اور مرمت کے لیے نئی اسکیم کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئی حکومتی اسکیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت گھر کی تعمیر اور مرمت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ “اپنا گھر” اسکیم کے تحت دو سال کے دوران 2 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ جن شہریوں کے پاس اپنی زمین نہیں تھی، انہیں 5 مرلے کے پلاٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جن افراد کے گھروں کی چھتیں مرمت کی ضرورت رکھتی ہیں، انہیں مرمت کے لیے 5 لاکھ روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے گھروں کو محفوظ اور رہائش کے قابل بنا سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت صرف لاہور نہیں بلکہ پورے پنجاب کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبے بھر میں سرکاری اسکولوں کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے اور ہر تحصیل میں نواز شریف اسکول قائم کیے جائیں گے۔
مریم نواز نے بتایا کہ اسکول جانے والے بچوں کے لیے 25 ارب روپے کی لاگت سے ایک فلاحی پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت روزانہ تقریباً 12 لاکھ طلبہ کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق اس اقدام سے سرکاری اسکولوں میں داخلوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں جدید ایئرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جا رہی ہیں، جبکہ صوبے بھر میں واسا کے نظام کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں رہنے والا ہر شہری ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور خواتین کے تحفظ کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور مشین لرننگ جیسے شعبوں میں مہارت حاصل کریں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





