مظفرآباد (پی آئی ڈی) یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر آل پارٹیز حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیرِ اہتمام دومیل پل سے اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر تک ریلی نکالی گئی، جس میں حریت قیادت، حکومتی نمائندوں، مہاجرینِ جموں و کشمیر اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی میں کنوینئر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی، سیکرٹری جنرل پرویز احمد شاہ، حریت رہنما سید منظور شاہ، سیکرٹری جموں و کشمیر لبریشن سیل سید شاہد محی الدین، ترجمان وزیراعظم شوکت جاوید میر، ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد خان، ڈائریکٹر سردار ساجد محمود، چوہدری اقبال شاہین، عبدالحمید میر، شیخ یعقوب، مشتاق الاسلام سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
ریلی کے شرکاء نے اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر دومیل میں ایک یادداشت پیش کی، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ سنگین خلاف ورزیوں پر اقوامِ متحدہ کی توجہ مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں یومِ شہدائے کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے شہدائے کشمیر کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






