لاہور: جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر میں امن و استحکام کے لیے گرینڈ جرگہ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ اعلان امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی زیر صدارت مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امن جرگہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مذاکراتی عمل کے لیے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس میں امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان، عبدالرشید ترابی اور ڈاکٹر خالد محمود شامل ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ہر صورت مذاکرات کا آغاز کرے، کیونکہ آزاد کشمیر کے موجودہ حالات مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرینڈ جرگہ کمیٹی میں سابق ججز، عسکری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی کے مطابق مذاکراتی کمیٹی جلد راولاکوٹ کا دورہ کر کے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے براہ راست مذاکرات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے بعض اعتراضات جائز ہیں، تاہم مہاجرین اور مقبوضہ کشمیر کی نمائندگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے بقول، 12 نشستوں کے معاملے پر بات چیت ہوگی اور اس کا قابلِ عمل حل بھی نکالا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ حکمران ضد اور انا کو ترک کریں، کیونکہ پاکستان مزید داخلی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں مزید خون خرابہ نہیں ہونے دینا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






