وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سربراہ کے عہدے کی امیدوار کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کی امیدوار ربیکا گرینسپن سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ربیکا گرینسپن سے ملاقات میں عالمی امن، سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون پر مؤثر عمل درآمد عالمی امن اور استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تین بنیادی ستون، امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، میں متوازن پیش رفت یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی ترقیاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لیے بین الاقوامی تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں ربیکا گرینسپن نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی طویل خدمات اور عالمی سطح پر اس کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close