گورنر کے تحفظات کے باوجود کے کے اختیارات، استحقاق اور مراعات سے متعلق قانون نافذ ہونے کا انکشاف

گورنر کے تحفظات کے باوجود خیبرپختونخوا میں اراکین اسمبلی کی مراعات سے متعلق قانون نافذ

گورنر خیبرپختونخوا کے تحفظات کے باوجود صوبے میں اراکین اسمبلی کے اختیارات، استحقاق اور مراعات سے متعلق قانون کے نافذ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے فنانس کمیٹی بل پر دستخط کرنے سے قبل اپنے تحفظات تحریری طور پر ریکارڈ کرائے تھے۔ انہوں نے بل کی منظوری کے ساتھ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

گورنر نے ہدایت کی تھی کہ قانون پر عمل درآمد وزیراعظم کے 14 نکاتی کفایت شعاری پروگرام کے مطابق کیا جائے۔ انہوں نے غیر ضروری اخراجات، اضافی مراعات اور سرکاری ایندھن کے استعمال میں کمی کی سفارش بھی کی۔

فیصل کریم کنڈی نے سرکاری وسائل کے مؤثر، شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ عالمی معاشی چیلنجز کے پیش نظر مالی نظم و ضبط ناگزیر ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر نے امریکہ۔ایران کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کفایت شعاری اختیار کرنے، فنانس کمیٹی قانون کو وفاقی معاشی ہنگامی فریم ورک سے ہم آہنگ رکھنے اور اس پر عمل درآمد کے دوران مالی نظم و ضبط یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close