منیلا ایئرپورٹ پر سعودی اور فلپائن ایئرلائنز کے طیاروں میں معمولی تصادم، کوئی جانی نقصان نہیں
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں واقع نینوئے اکینو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے کے قریب ٹیکسی وے پر حرکت کے دوران سعودی ایئرلائنز اور فلپائن ایئرلائنز کے دو طیاروں کے درمیان معمولی تصادم پیش آیا۔
سعودی گروپ کے کارپوریٹ کمیونیکیشن کے ڈائریکٹر جنرل، انجینئر عبداللہ الشہرانی کے مطابق، سعودی ایئرلائنز کا طیارہ ٹیکسی وے پر معمول کے مطابق حرکت کر رہا تھا کہ اس دوران اس کے ایک پر کا کنارہ قریب موجود فلپائن ایئرلائنز کے طیارے سے معمولی طور پر ٹکرا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا، جبکہ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ایئرلائنز متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر واقعے کی تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے اور متاثرہ مسافروں کے سفر کو مکمل کرانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ پروازوں کا شیڈول متاثر نہ ہو۔
دوسری جانب فلپائن ایئرلائنز نے بھی ایک بیان میں تصدیق کی کہ حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ایئرلائن کے مطابق، متاثرہ طیارے کو احتیاطی طور پر تکنیکی معائنے کے لیے سروس سے ہٹا دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






