انا للہ و انا الیہ راجعون ، اہم شخصیت چل بسی

 سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی شیخ امتیاز علی انتقال کر گئے  مرحوم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، ان کے انتقال کی خبر پر تعلیمی، سماجی اور سرکاری حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی شیخ امتیاز علی کی نماز جنازہ جامع مسجد پنجاب یونیورسٹی میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں پنجاب یونیورسٹی کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ مرحوم کے عزیز و اقارب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صوبائی وزراء چوہدری شافع حسین اور خواجہ سلمان رفیق، ہوم سیکرٹری احمد قاضی، ڈی سی او پنجاب ڈاکٹر احمد خاور، کامران امتیاز، احمد کامران، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار جمیل احمد، نائب صدر نیسپاک احسن انور، سابق ایم ڈی نیسپاک امجد علی، کرامت اللہ اور شہریار چغتائی سمیت دیگر شخصیات بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئیں۔

شیخ امتیاز علی نے بطور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اصلاحات کے لیے خدمات انجام دیں۔ وہ سول سروسز اکیڈمی میں بھی کئی برس تک تدریسی فرائض سرانجام دیتے رہے، جہاں انہوں نے متعدد سول افسران کی پیشہ ورانہ تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ان کی تعلیمی و انتظامی خدمات کو مختلف حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کے انتقال کو تعلیمی شعبے کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close